Change text size:   <p>Increase font size</p>   <p>Reduce font size</p>  |   Print page:   <p>Print this page</p>
  |   Contact us   Contact us icon   
 
languages
Urdu

NSW - Urdu میں کام کرنا 

جاۓ کار پر آپ کے بنیادی حقوق و فرائض

جاۓ کار سے متعلق اپنے قانونی حقوق کا علم رکھیں

NSW انڈسٹریل ریلیشنز کی جانب سے ایک گائیڈ(NSW Industrial Relations).

آزمائشی بنیادوں پر کام کا آغاز

عام طور پر انٹرویو کے بعد ملازمت کی پیشکش کی جاتی ہے۔

جب آپ کو ملازمت کی پیشکش ہو تو آپ کو کچھ عرصہ ٹرائل یا پروبیشن یعنی آزمائشی بنیادوں پر کام کرنے کو کہا جا سکتا ہے تاکہ پتہ چل جاۓ کہ آیا آپ یہ کام کر سکتے ہیں۔ آجر کیلئے آپ کو بتانا لازم ہے کہ پروبیشن یا ٹرائل کا عرصہ کتنا لمبا ہو گا اور لازم ہے کہ آپ اس عرصے میں جو کام کریں، آپ کو اس کی تنخواہ دی جاۓ۔

اگر آپ کو بغیر تنخواہ، تجربہ حاصل کرنے کیلئے کام کرنے کو کہا جاۓ تو ضروری ہے کہ یہ کسی رجسٹرڈ تربیتی ادارے جیسے سکول، TAFE یا یونیورسٹی کے ذریعے ہو۔

ملازمت کی تحریری پیشکش حاصل کریں

جب آپ کو ملازمت پیش کی جاۓ تو بہتر ہو گا کہ آپ اپنے آجر سے تحریری وضاحت مانگ لیں کہ آپ کن شرائط کے تحت کام کریں گے اور آپ سے کس کام کی توقع کی جاۓ گی۔

اس خط میں یہ تفصیلات ہونی چاہیئں:

  • آپ کے آجر کا نام
  • اس ملازمت میں کیا شامل ہے اور آپ کے فرائض کی فہرست
  • آپ کو ایک گھنٹے، ایک ہفتے یا ایک پندھواڑے کے حساب سے کتنی تنخواہ دی جاۓ گی
  • آپ کن اوقات میں یا کتنے گھنٹے کام کریں گے
  • آیا آپ غیر مستقل اور حسب ضرورت بنیاد پر، یا پارٹ ٹائم یا فل ٹائم کام کریں گے
  • آپ کی ملازمت کی شرائط
  • آپ ملازمت کے کن قواعد کے تحت کام کریں گے جیسے ایوارڈ (صنعت و حرفت کے شعبوں میں شرائط کار) یا ايگریمنٹ (معاہدہ)۔

ملازمت کی پیشکش قبول کرنے سے پہلے آپ کو کیا سوچنا چاہیئے

آپ کو ایوارڈ یا ايگریمنٹ کے تحت ملازم رکھا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کو کسی دستاویز پر دستخط کرنے کو کہا جاۓ جس میں آپ بعض شرائط کار قبول کر رہے ہوں تو آپ کو پہلے اسے بہت دھیان سے پڑھنا چاہیئے۔ دباؤ میں آ کر اسی وقت دستخط کرنا ضروری نہ سمجھیں بالخصوص اگر یہ شرائط آپ کو راس نہ آتی ہوں۔

دستاویز پر غور کرنے کیلئے اپنے آجر سے وقت مانگیں۔

یہ بھی مناسب اور عین ممکن ہے کہ آپ ايگریمنٹ گھر لے جا کر کسی اور ایسے شخص کے ساتھ مل کر پڑھیں جس پر آپ کو بھروسہ ہو۔ فیصلہ کرنے سے پہلے آپ چاہیں تو وکیل سے بھی مشورہ کر سکتے ہیں۔

آپ کو جس ايگریمنٹ پر دستخط کرنے کیلئے کہا گیا ہے، اگر آپ کو ان شرائط کے بارے میں تسلّی نہیں ہے تو13 13 94 پر فیئر ورک کی معلوماتی فون لائن (Fair Work Infoline) سے رابطہ کریں۔

ایوارڈ یا ايگریمنٹ

آپ جس قاعدے کے تحت کام کر رہے ہوں، وہ ایوارڈ (صنعت و حرفت کے شعبوں میں شرائط کار) ہو سکتا ہے یا ايگریمنٹ (معاہدہ)۔

پتہ کریں کہ آپ کی ملازمت کس ایوارڈ یا ايگریمنٹ کے تحت آتی ہے کیونکہ ایوارڈ یا ايگریمنٹ ان معاملات کا احاطہ کرتا ہے کہ آپ کو کم از کم کتنی تنخواہ لازما ملے گی، آیا آپ کو کسی قسم کے پینلٹی ریٹس (رقوم براۓ تلافی) ملنا بھی ضروری ہے اور اس میں یہ وضاحت بھی ہوتی ہے کہ آپ کا آجر آپ سے کس کام کی توقع کر سکتا ہے اور کس کام کی توقع نہیں کر سکتا۔

13 13 94 پر فیئر ورک کی معلوماتی فون لائن (Fair Work Infoline) کو فون کر کے معلوم کریں کہ آپ کس ایوارڈ کے تحت ہیں یا آیا آپ کی جاۓ کار پر کسی ايگریمنٹ کا اطلاق ہوتا ہے۔

آپ کی تنخواہ

آپ کا آجر آپ کو وہ کم از کم اجرت یا تنخواہ دینے کا پابند ہے جو آپ کے ایوارڈ یا ايگریمنٹ میں طے ہے یا 'ایوارڈ کے بغیر' ملازمین کیلئے قومی سطح پر طے شدہ کم از کم اجرت دینے کا پابند ہے  ۔ اس شرح کا انحصار اس پر ہے کہ آپ کس قسم کا کام کرتے ہیں اور کن اوقات میں کام کرتے ہیں۔ آپ کو کم از کم شرح سے زیادہ تنخواہ ملنا ممکن ہے۔

بعض کام انجام دینے پر آپ کو الاؤنس بھی مل سکتا ہے، معمول کے اوقات کار کے علاوہ کام کرنے پر اوور ٹائم مل سکتا ہے یا رات کو، ویک اینڈ میں اور سرکاری چھٹیوں میں کام کرنے پر پینلٹی ریٹس (رقوم براۓ تلافی)  کی ادائیگی بھی ممکن ہے۔

آپ کے آجر پر لازم ہے کہ آپ کو باقاعدگی سے تنخواہ دے اور اگر آپ مطالبہ کریں تو آپ کو ہر پندھواڑے میں کم از کم ایک مرتبہ تنخواہ ادا کرے۔

آپ کا آجر آپ کی تنخواہ میں سے کوئی کٹوتی نہیں کر سکتا جب تک آپ اس کی تحریری اجازت نہ دیں یا یہ قانون کی رو سے لازمی نہ ہو۔ آپ کی سالانہ چھٹیوں کی تنخواہ میں سے کوئی کٹوتی نہیں کی جا سکتی۔

لازم ہے کہ آپ کو نقد رقم یا چیک کی صورت میں تنخواہ ادا کی جاۓ یا آپ کے بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی جاۓ۔

آپ کے آجر پر لازم ہے کہ آپ کو تنخواہ دیتے ہوۓ ایک پے سلپ بھی دے جس سے صاف پتہ چلتا ہو کہ آپ کو کیا ادائیگی کی گئ ہے۔

ملازمت کے قومی معیار(National Employment Standards)

س National Employment Standards (NES) پرائیویٹ سیکٹر کے آجروں کیلئے کام کرنے والے تمام کارکنوں کیلئے اطلاق پاتے ہیں۔

NES کے تحت بعض کم از کم شرائط مقرر ہیں جو اجیروں کا قانونی حق ہیں۔

ایوارڈ یا ايگریمنٹ میں مقرر تنخواہ کی شرح یا قومی سطح پر طے شدہ کم از کم اجرت کے ساتھ ساتھ NES ایک سیفٹی نیٹ (حفاظتی نظام) فراہم کرتا ہے جس میں آجر ایسی تبدیلیاں نہیں کر سکتا جن سے کسی کارکن کو نقصان پہنچے۔

ملازمت کے قومی معیار ہر کارکن کیلئے کیا تحفظ فراہم کرتے ہیں؟

دس NES پرائیویٹ سیکٹر کے ہر اجیر کیلئے یہ مواقع فراہم کرتے ہیں:

1۔ فی ہفتہ زیادہ سے زیادہ کتنے گھنٹے کام – 38 گھنٹے فی ہفتہ، اور اس کے علاوہ بھی معقول حد تک اضافی گھنٹے۔

2۔ کام کے لچکدار بندوبست کی درخواست – سکول کی عمر سے چھوٹے بچوں یا 18 سال کی عمر سے کم معذور بچوں کے والدین یا نگہداشت کرنے والوں کو موقع حاصل ہے کہ وہ اپنے کام کو ایسے انداز میں ترتیب دینے کی درخواست کریں جس سے بچے کی دیکھ بھال میں سہولت ہو۔

3۔ والدین کیلئے رخصت اور متعلقہ حقوق – ہر اجیر کو 12 ماہ تک کی بغیر تنخواہ رخصت لینے اور مزید 12 ماہ کی بغیر تنخواہ رخصت کی درخواست دینے کا موقع حاصل ہے نیز بچے کی ولادت پر ماں یا باپ کیلئے رخصت اور بچہ گود لینے کے سلسلے میں رخصت کی دوسری صورتیں۔

4۔ سالانہ رخصت – ایک سال میں 4 ہفتوں کی رخصت تنخواہ کے ساتھ، نیز بعض شفٹ پر کام کرنے والوں کیلئے ایک اضافی ہفتہ۔

5۔ ذاتی ضرورت/کسی اور کی دیکھ بھال کیلئے رخصت اور ہمدردانہ بنیاد پر رخصت – ذاتی ضرورت/کسی اور کی دیکھ بھال کیلئے 10 دن کی رخصت تنخواہ کے ساتھ، کسی اور کی دیکھ بھال کیلئے رخصت دو دن بغیر تنخواہ کے اور ہمدردانہ بنیاد پر دو دن کی رخصت (غیر مستقل ملازمین کیلئے بغیر تنخواہ) کا موقع حاصل ہونا ضروری ہے۔

6۔ معاشرتی خدمت کیلئے رخصت – ہنگامی صورتحال میں رضاکارانہ کاموں کیلئے بغیر تنخواہ کے رخصت اور جیوری سروس کیلئے رخصت جس کے ساتھ 10 دن تک جیوری سروس کا معاوضہ لینے کا حق حاصل ہے۔

7۔ طویل ملازمت کی رخصت – طویل ملازمت کی رخصت جمع کر کے رخصت لینے کا حق۔

8۔ عوامی تعطیلات –8 ملک گیر عوامی تعطیلات پر تنخواہ کے ساتھ ایک دن کی چھٹی نیز سٹیٹ یا مقامی سطح کی تعطیل بھی۔

9۔ ملازمت سے سبکدوشی کا نوٹس اور آجر کو ضرورت نہ رہنے پر سبکدوشی کی تنخواہ – 4 ہفتے پہلے تک ملازمت سے نکالے جانے کا نوٹس (اگر اجیر کی عمر 45 سال سے زیادہ ہو اور وہ کم از کم دو سال لگاتار ملازم رہ چکا ہو تو 5 ہفتے پہلے) اور آجر کو ضرورت نہ رہنے پرسبکدوشی کی صورت میں 16 ہفتوں تک کی تنخواہ، دونوں معاملات کا انحصار ملازمت کی مدّت پر ہے۔

10۔ منصفانہ حالات کار کے بارے میں معلوماتی سٹیٹمنٹ(Fair Work Information Statement)  – آجروں پر لازم ہے کہ تمام نئے اجیروں کو یہ سٹیٹمنٹ فراہم کریں۔

غیر مستقل ملازمین

غیر مستقل ملازمین کو لوڈنگ (loading) کے نام سے ایک اضافی رقم ملتی ہے جو دوسری مع تنخواہ رخصت مثلا بیماری کی رخصت اور دیگر رخصت نہ ملنے، سبکدوشی کیلئے نوٹس کا مہلتی عرصہ نہ ہونے اور ملازمت کی ضمانت نہ ہونے  کی تلافی کے طور پر ہوتی ہے۔

جاۓ کار پر آپ کی ذمہ داریاں

اجیر کے طور پر آپ پر لازم ہے کہ اپنے آجر کی تمام قانونی اور معقول ہدایات پر عمل کریں اور جاۓ کار کو محفوظ اور صحت بخش بناۓ رکھنے کیلئے آجر کے ساتھ تعاون کریں۔

ملازمت کا اختتام

آپ کی ملازمت کا اختتام آپ کی یا آپ کے آجر کی جانب سے ہو سکتا ہے جس کیلئے مناسب نوٹس، ترجیحا تحریری صورت میں، دیا جاتا ہے۔ اپنے ایوارڈ یا ايگریمنٹ میں دیکھیں کہ کتنا عرصہ پہلے نوٹس دینا ضروری ہے۔

آجر آپ کو ان صورتوں میں کام سے نکال سکتا ہے:

  • اگر آپ کے معینہ عرصے کے معاہدۂ ملازمت میں طے شدہ اختتامی تاریخ آ پہنچی ہو
  • خراب یا غیر تسّلی بخش کارکردگی کی صورت میں
  • طبی وجوہ کی بنا پر، اگر آپ اپنے فرائض ادا کرنے کے قابل نہ رہیں (لیکن کام پر لگنے والی چوٹ یا لاحق ہونے والی تکلیف کے بعد چھے ماہ تک آپ کو نہیں نکالا جا سکتا)
  •  سنگین یا بالارادہ غلط روی، جس کے نتیجے میں بغیر نوٹس دیئے ملازمت سے نکالا جا سکتا ہے

اگر کاروبار تنزل کا شکار ہو یا کاروبار کی ترتیب نو کی صورت میں آپ کا عہدہ ختم ہو جاۓ تو بھی آپ کو سبکدوش کیا جا سکتا ہے۔ اسے کثیر یا فالتو ملازمین کو فارغ کرنا (redundancy) کہا جاتا ہے۔

اپنا ایوارڈ یا ايگریمنٹ اور NES چیک کریں کہ آیا کوئی اور اضافی رقوم مل سکتی ہیں۔

مفید ویب سائیٹس اور رابطے

NSW Industrial Relations
www.industrialrelations.nsw.gov.au

Fair Work Online
www.fairwork.gov.au

Fair Work Infoline
فون:  13 13 94